بدھ 11 نومبر 2026 - 16:53
ثقافتِ فاطمی کو زندہ رکھنے کے لیے مظلومیتِ حضرت زہرا (س) کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرنا ضروری ہے

حوزہ / حجت الاسلام والمسلمین حاتمی نے رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحلت کے بعد پیش آنے والے واقعات کو بیان کرت ہوئے کہا: ثقافتِ فاطمی کو زندہ رکھنے کے لیے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرنا، آپ کے مقام و منزلت کو پہچاننا اور معاشرے میں تولی و تبری کے کلچر کو فروغ دینا ضروری ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین سید اسماعیل حاتمی نے حرم مطہر رضوی کے رواق امام خمینی (رہ) میں منعقدہ عشرہ فاطمیہ کی مجلسِ عزاء سے خطاب کے دوران ایامِ فاطمیہ کی مجالسِ عزاء کی خصوصی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے خاندانِ عصمت و طہارت علیہم السلام سے عقیدت کے اظہار اور اہلِ بیت علیہم السلام کے دشمنوں کے خلاف اپنے مؤقف کے اعلان کا موقع قرار دیا۔

انہوں نے کہا: مجالسِ عزاء سے معرفتی اور فکری استفادہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی عزاداری کو دینی ثقافت میں خصوصی مقام کا حامل قرار دیتے ہوئے آیت اللہ العظمیٰ سید محمد رضا گلپایگانی کے عشرہ فاطمیہ کی اہمیت سے متعلق نظریے کا حوالہ دیا اور کہا: جب ان سے محرم کے پہلے عشرے اور عشرہ فاطمیہ کی اہمیت کے تقابل کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے عشرہ فاطمیہ کی خصوصی اہمیت پر زور دیا تھا۔

حجت الاسلام والمسلمین حاتمی نے ان دونوں مناسبتوں کے معرفتی پہلوؤں میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا: عشرہ محرم زیادہ تر امام حسین علیہ السلام اور خاندانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور وابستگی کے اظہار یعنی تولی کا مظہر ہے جبکہ عشرہ فاطمیہ میں تولی کے ساتھ اہلِ بیت علیہم السلام کے دشمنوں سے بیزاری اور اظہارِ برأت یعنی تبری کا پہلو بھی شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا: شیعہ ثقافت میں تولی سے مراد اہلِ بیت علیہم السلام سے محبت اور قلبی وابستگی کا اظہار ہے جبکہ تبری کا مطلب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خاندان پر ظلم کرنے والوں اور ان کے دشمنوں سے بیزاری اختیار کرنا ہے۔ اسی لیے مجالسِ فاطمیہ میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت اور اسلام کے ابتدائی دور کے تاریخی واقعات سے متعلق آگاہی اور معرفت بھی ہونی چاہیے۔

حرم مطہر رضوی کے خطیب نے اپنے خطاب کے ایک اور حصے میں امام رضا علیہ السلام کی کرامات اور عنایات کا ذکر کرتے ہوئے زائرین کو حرم مطہر میں حاضری کے موقع سے بھرپور استفادہ کرنے اور خلوصِ دل سے امام رضا علیہ السلام سے توسل کرنے کی بھی دعوت دی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha